تحریک انصاف اسمبلیوں سے استعفے دیتی ہےتو 40 ارکان استعفے نہیں دیں گے،وفاقی وزیر،فائل فوٹو

اسلام آباد (پی ایم این/ویب ڈیسک)وفاقی وزیر پارلیمانی امورطارق فضل چوہدری نے کہا ہےکہ سابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی مذاکرات کے ڈرافٹ کی منظوری افغانستان سے لے رہے تھے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر مذاکرات شروع ہوئے، ہمیں کافی امید تھی کہ مذاکرات نتیجہ خیز ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ مذاکرات کے دوران جو چوتھا ڈرافٹ تیار ہوا اس کی منظوری وزیراعلیٰ کے پی سےلینا تھی، معلومات کے مطابق وزیراعلیٰ کے پی ڈرافٹ کی منظوری افغانستان سے لے رہے تھے۔

طارق فضل کا کہنا تھا کہ محمود اچکزئی کے حوالے سے خبریں میڈیا پر آئیں، محمود اچکزئی نے کہا عمران خان سے ملاقات کے بغیر ایک قدم آگے نہیں بڑھا جاسکتا، مذاکرات میں ملاقات کا ٹائم فریم اور ایک مستند حل موجود تھا، چیزیں اس وقت حل ہوجاتیں تو شاید معاملات اب مختلف ہوتے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اسمبلیوں سے استعفے دیتی ہےتو 40 ارکان استعفے نہیں دیں گے۔

By PMN