لاہور(پی ایم این/خالدمحمود)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہےکہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت بھی قبول نہیں، حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بن چکا ہے، طالبات کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
لاہور میں کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی کےکانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ انہیں پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز حاصل ہے، وہ چاہتی ہیں کہ دیگر خواتین بھی بااختیار بنیں، لڑکیوں کوکامیابی کے لیے زیادہ کام کرنا پڑتا ہے، پنجاب کی بیٹیوں کی حفاظت یقینی بنانےکے لیے تین سال دن رات محنت کی اور پنجاب کو ویمن فرینڈلی صوبہ بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک دور تھا جب مجھ سمیت تمام لڑکیاں عجیب قسم کے خوف کا شکار تھیں، آج لڑکیوں میں پیدا ہونے والے اعتماد نے اس خوف کو ختم کر دیا ہے، پنجاب میں خواتین کے خلاف جرم پر کسی کو کسی صورت نہیں بخشا جاتا، حکومتی اقدامات کے باعث پنجاب آج خواتین کے لیے محفوظ صوبہ بن چکا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ طالبات کو خود مختار بنانےکے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، خواتین کو آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی، خواتین کو روزگار کے مواقع فراہم کرنےکے لیے تمام ضروری سہولیات بھی مہیا کی جائیں گی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے بہترین اقدامات سے اسموگ کا خاتمہ کیا، صوبے کے ہر گھر تک پہنچیں گے اور ہر بچے کو تعلیم کا موقع فراہم کریں گے، پنجاب میرا گھر ہے ، میں ہرگلی ہر کوچہ صاف دیکھنا چاہتی ہوں۔

