فائل فوٹو

لاہور(پی ایم این/ویب ڈیسک)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہےکہ لاہور سے راولپنڈی تک نئی موٹروے کے ذریعے فاصلہ 380 کلومیٹر سے کم کرکے 280 کلومیٹر تک لایا جائے گا،منصوبہ 2027 کے آخر تک مکمل کرنے کا ہدف ہے، جس سے لاہور سے اسلام آباد کا سفر ساڑھے تین گھنٹے کے بجائے ڈھائی گھنٹے میں طے کیا جاسکے گا۔

وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی موٹروے پنجاب کے اہم شہروں گوجرانوالہ، گجرات، لالہ موسیٰ، کھاریاں اور جہلم کو آپس میں منسلک کرے گی،سیالکوٹ موٹروے کو بھی 4 لین سے بڑھا کر 6 لین کیا جائے گا،منصوبے پر اضافی 10 ارب روپے خرچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ سڑک کو 6 لین میں تعمیر کیا جاسکے۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ نئی موٹروے سے مسافروں اور ٹرانسپورٹرز کے وقت اور ایندھن کی بچت ہوگی، جبکہ پنجاب کے مصروف ترین شہروں کے درمیان رابطے مزید بہتر ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے مزید اعلان کیا کہ سکھر موٹروے کا سنگ بنیاد آئندہ ماہ رکھنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان کے مطابق سکھر موٹروے کے تین سیکشنز کی منظوری ہوچکی ہے اور منصوبے کے تحت سکھر سے حیدرآباد تک بھی موٹروے تعمیر کی جائے گی۔

By PMN