بھارت کانیونارمل کا نظریہ دفن اوربالادستی کے دعوے ہوا میں اڑگئے،اسحاق ڈالر

اسلام اباد(پی ایم این) نائب وزیراعظم اسحق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت کا نیو نارمل کا نظریہ دفن ہوگیا اور پاکستان کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران دنیا نے دیکھا کہ بھارت کے بالادستی کے دعوے ہوا میں اڑ گئے ۔

آج اسلام آباد میں انہوں نیبھارت کے ساتھ حالیہ جنگ سے پہلے اور بعد میں پاکستان کی سفارتکاری کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کو بین الاقوامی پذیرائی ملی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کی کامیاب سفارتی پالیسی سے بھارت میں واویلا برپا ہے۔

انہوں نے کہا جنگ بندی جاری ہے تاہم انہوں نے بھارت میں ریاستی انتخابات کے تناظر میں سیاسی بیان بازی پر افسوس کا اظہار کیا۔

اسحق ڈار نے کہا پاکستان بھارت کے ساتھ مذاکرات کیلئے تیار ہے لیکن اس کے لئے بے تاب نہیں ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان ایسے جامع مذاکرات کا خواہشمندہے جس میں سند ھ طاس معاہدے سمیت دہشت گردی اور دیگر مسائل بھی شامل ہوں۔

انہوں نے کہاکہ اگر بھارت پانی روکنے یا اس کا رخ موڑ نے کی کوشش کرتاہے تو یہ جنگ کے مترادف ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ عالمی قانون کے مطابق سندھ تاس معاہدے کو معطل یا اس میں ترمیم نہیں کی جاسکتی۔