امفال(پی ایم این)بھارت کی شمال مشرقی ریاست منی پور میں مودی سرکار کی ناقص پالیسیوں کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، نسلی بنیادوں پر ہونے والے تازہ تشدد کے واقعات میں مزید 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق سنگین حفاظتی کوتاہی کے باعث مسلح گروہوں میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں 5 افراد جان سےگئے۔
کوکی قبائلی برادری کی ایک تنظیم نے ان ہلاکتوں کا الزام ناگا علیحدگی پسند تنظیموں پر عائد کیا ہے اور ان واقعات کو اپنی سرزمین پر براہ راست اور بلا اشتعال حملہ قرار دیا ہے۔خیال رہےکہ منی پور میں مسیحی اکثریت رکھنے والی کوکی اور ناگا قبائلی برادریوں کے درمیان اپنی اپنی نسلی آبائی سرزمین پر ملکیت کے دعوؤں کے حوالے سے طویل عرصے سے تنازع چلا آ رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مودی حکومت کی ناکام پالیسیوں کے باعث 3 سال سے پرتشدد فسادات جاری ہیں۔تحقیقاتی ادارے ساؤتھ ایشیا ٹیررازم کی رپورٹ کے مطابق منی پور میں مئی 2023 سے عسکریت پسندی کے 181 واقعات میں 393 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں 95 ہلاکتیں صرف 2026 میں ہوئی ہیں۔

