پشاور(پی ایم این/ویب ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ معاملات بہتر ہونے پر ہی گورنر راج کے خاتمے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ(ن)خیبرپختونخوا کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہ کہ اس معاملے پر اتحادیوں سے بھی مشاورت کی جائے گی،صوبے سے گند صاف کرنے کیلئے مجبوراً گورنر راج لگانا پڑا، مسائل کا سامنا ہے،گورنر راج کے دوران عوامی بہتری کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔
وزیراعظم نے پارٹی عہدیداروں اور پارلیمانی ارکان کو عوام میں جانے کی ہدایت کر دی اور کہا کہ لوگوں میں جا کر ان کے مسائل سنیں اور عوامی معاملات حل کروائیں۔
شہباز شریف نے عوامی مسائل جاننے کیلئے ضلعی سطح پر کمیٹیز قائم کرنے کی ہدایت کی اور تلقین کی کہ عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہونے چاہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت نے صوبے کو کھنڈر اور بے امنی کا شکاربنا دیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صوبے میں جو کام ہو رہے ہیں اس کا مکمل کریڈٹ لیا جائے،پارٹی ارکان اور عہدیداروں نے وزیراعظم شہباز شریف سے اظہار تشکر کیا۔
اجلاس میں صوبےکی موجودہ صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ گورنر راج کے بعد کی صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پرتفصیلی مشاورت بھی ہوئی۔
اجلاس میں پارٹی عہدیدار اوراراکین اسمبلی شریک ہوئے،اجلاس میں پارٹی کو فعال کرنے اور عہدیداروں کے مسائل پر بھی گفتگو کی گئی۔

