چمولی(پی ایم این)بھارتی ریاست اتراکھنڈ میں 5 یاتریوں سمیت 6 افراد کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔ پہاڑی علاقے میں ریسکیو ٹیمیں روانہ کر دی گئی ہیں تاہم ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی حالت کے بارے میں تاحال صورتحال واضح نہیں ہے۔حادثے کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکی ہیں، تاہم یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب خطے میں شدید بارش اور حدِ نگاہ کم ہونے کی اطلاعات تھیں۔
اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر نے جمعے کی دوپہر ہندوؤں کے مقدس مقام ‘بدری ناتھ’ سے اڑان بھری تھی، جس کے کچھ دیر بعد ہی اس کا رابطہ منقطع ہو گیا۔اتراکھنڈ کے وزیرِ اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر چمولی ضلع میں جوشی مٹھ کے قریب ایک گاؤں کے پاس گر کر تباہ ہوا۔
اس سے قبل جون 2025 میں کیدارناتھ کے قریب یاتریوں کو لے جانے والا ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے سے 7 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ اس کے علاوہ اکتوبر 2022 میں بھی اسی یاترا کے راستے پر ایک حادثے میں مزید 7 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

